بھٹکل 20؍جون (ایس او نیوز) اسارکیری وینکٹرمنا مندر کے ہال میں وینکٹیشورا ودیا وردھک سنگھا کے زیر اہتمام غریب بچوں کو کتابیں اور کاپیاں تقسیم کرنے کے ایک اجلا س کا افتتاح کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے افسر مسٹر دامودراے ٹی نے کہا کہ دیش میں تبدیلی لانے کے لئے نوجوان اور ان کی صلاحتیں ذمہ دار ہیں۔اسی لئے طلباء کو تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونے کے لئے کڑی محنت اور شوق سے کام لینا چاہیے۔کیونکہ کسی بھی خواب کی تعبیر کے لئے محنت اور جد وجہد ہی اصل بنیاد ہے۔ہم سے دیش کی کیا خدمت ہوگی اس طرح کی مایوسی والی سوچ چھوڑ کر ہم سے دیش کی ترقی کے لئے جو کچھ بھی بن پڑتا ہے وہ کرنا چاہیے۔
نامدھاری سماج کے ایک نامور لیڈر ایل ایس نائک نے بحیثیت مہمان خصوصی اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ طالب علموں کو مالی دشواریوں کی وجہ سے تعلیم ادھوری چھوڑنے کی نوبت نہیںآنی چاہیے بلکہ اہل خیر حضرات کے تعاون سے انہیں آگے بڑھنے کا موقع ملنا چاہیے۔یوواکانگریس کے لیڈر سچن نائک نے راہل گاندھی کے جنم دن کے حوالے سے وینکٹیشورا ودیا وردھک سنگھا کو پچاس ہزار روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا ۔
اس موقع پر نامدھاری طبقے کے لیڈر ڈی بی نائک،راگھویندرا نائک وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔پروگرام کی صدارت کے آر نائک نے کی۔اسٹیج پر ایڈوکیٹ شنکر نائک اورریٹائرڈ تحصیلدار مسٹر وی ایم نائک موجود تھے ۔ایس ایم نائک نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے حاضرین کا استقبال کیا۔گنگادھر نائک اور منجو ناتھ نائک نے پروگرام کی نظامت کی۔منموہن نائک نے شکریہ اداکیا۔اس موقع پر دو سو سے زیادہ پی یو سی کے طلباء کو کتابیں اور کاپیاں تقسیم کی گئیں۔اس اجلاس میں نامدھاری سماج کے ایس ایس ایل سی ٹاپرسومکھ چندر شیکھر نائک، پی یوسی دوم سال کے امتحان میں اول مقام پانے والی دھنیا وینکٹیش نائک کی عزت افزائی کی گئی۔